بشکیک: کرغزستان کے وزیراعظم ‘عادل بیک قاسمالییف’ نے پیر کے روز چینی وزیر دفاع ‘دونگ جون’ سے بشکیک میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عادل بیک قاسمالییف نے کہا کہ کرغزستان اور چین کے تعلقات تیزی سے ترقی کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اعتماد کی سطح بلند ہے۔انہوں نے چین کو ایک اہم اسٹریٹجک شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرغزستان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی پلیٹ فارمز، خصوصاً شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تعاون کو وسعت دی جائے گی۔
عادل بیک قاسمالییف نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور سیکیورٹی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی، علیحدگی پسندی اور سرحد پار جرائم جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا ناگزیر ہے۔اس موقع پر دونگ جون نے کہا کہ چین اور کرغزستان اچھے ہمسائے، قریبی دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عسکری تعاون میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین کرغزستان کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید فروغ دینے، تعاون کے معیار کو بہتر بنانے، کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر ہم آہنگی بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہے۔














