بیجنگ:چین میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔صدر زرداری نے ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت کو پاک بحریہ کی جدید کاری میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے مضبوط، متوازن اور قابلِ اعتماد دفاعی نظام کے عزم کو مزید تقویت دیتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، سمندری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی سلامتی کو یقینی بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ عالمی سطح پر اہم میری ٹائم راستوں پر بڑھتی ہوئی رکاوٹیں تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے خطرہ بن رہی ہیں، جس کے پیشِ نظر جدید اور تکنیکی طور پر مضبوط بحری قوت ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، جدید سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو خطے میں استحکام برقرار رکھنے، ممکنہ خطرات کی روک تھام اور بحیرہ عرب و بحر ہند میں اہم بحری راستوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔













