بیجنگ: چین نے بڑے کارگو ڈرونز کی ٹیکنالوجی میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے پہلے 7 ٹن وزنی مکمل طور پر مقامی تیار کردہ کارگو ڈرون **NORINCO LUCA** کی کامیاب پہلی پرواز مکمل کر لی ہے۔ یہ پرواز وسطی چین کے صوبہ ہینان کے شہر ژینگژو میں انجام دی گئی۔چین کے سرکاری دفاعی ادارے Norinco Group کی جانب سے تیار کردہ یہ بغیر پائلٹ کے چلنے والا طیارہ اس وقت دنیا کا سب سے بڑا لاجسٹکس کارگو ڈرون قرار دیا جا رہا ہے جس نے کامیاب ابتدائی پرواز مکمل کی ہے۔ یہ پیش رفت چین کی “لو-آلٹیٹیوڈ اکانومی” میں ایک نئے دور کی شروعات سمجھی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ڈرون نے اپنے دو مقامی طور پر تیار کردہ ٹربو پروپ انجنز کے ساتھ رن وے پر تقریباً 200 میٹر کی دوڑ کے بعد باآسانی پرواز بھری۔ تقریباً 30 منٹ کی پرواز کے دوران اس کے تمام اہم سسٹمز، بشمول فلائٹ کنٹرول، ایویونکس، پروپلشن اور فیول سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جس کے بعد یہ محفوظ انداز میں لینڈ کر گیا۔ماہرین کے مطابق، اگر عام ڈرونز کو فضائی “تھری وہیلر” کہا جائے تو NORINCO LUCA ایک حقیقی “ہیوی ڈیوٹی ٹرک” کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کی لمبائی 17 میٹر، ونگ اسپین 25 میٹر اور اونچائی 4.5 میٹر ہے، جو اس کی طاقتور کارگو صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔اس کے چیف ڈیزائنر گینگ جیان ژونگ کے مطابق، یہ ڈرون زیادہ سے زیادہ 3.5 ٹن وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہنگامی حالات میں یہ 1750 سردیوں کی جیکٹس یا 700 امدادی خیمے لے جا سکتا ہے، جبکہ صنعتی شعبے میں یہ بڑے مشینری کے پرزہ جات حتیٰ کہ مکمل پروڈکشن لائن بھی منتقل کر سکتا ہے۔ڈرون میں 18 کیوبک میٹر کا کشادہ اور بغیر رکاوٹ کارگو اسپیس موجود ہے، جو مختلف اقسام کے سامان، بشمول کولڈ چین مصنوعات جیسے تازہ پھل اور سمندری خوراک، کی نقل و حمل کے لیے موزوں ہے۔ اس میں فرنٹ اور ریئر ڈوئل کارگو دروازے بھی شامل ہیں، جو لوڈنگ اور ان لوڈنگ کو تیز اور مؤثر بناتے ہیں۔NORINCO LUCA جدید مصنوعی ذہانت (AI) اور بڑے ڈیٹا پر مبنی ڈسپیچ سسٹم سے لیس ہے، جس کے ذریعے ایک ہی کنٹرول اسٹیشن سے متعدد ڈرونز کو آپریٹ کیا جا سکتا ہے۔ یہ نظام طلب کے مطابق خودکار طریقے سے ترسیلی صلاحیت کو ایڈجسٹ کرتا ہے، جس سے 24 گھنٹے مسلسل آپریشن ممکن ہو جاتا ہے۔یہ ڈرون 3,000 کلومیٹر سے زائد فاصلے تک مکمل وزن کے ساتھ پرواز کر سکتا ہے، جو اسے بین الصوبائی ترسیل کے لیے نہایت مؤثر بناتا ہے۔ خاص طور پر تازہ خوراک اور طبی سامان کی تیز تر ترسیل میں یہ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
مزید برآں، یہ صرف 200 میٹر کے مختصر رن وے سے ٹیک آف اور لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کے باعث یہ دور دراز پہاڑی علاقوں، جزیروں اور دشوار گزار مقامات تک بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے، جہاں روایتی ہوائی جہاز نہیں پہنچ سکتے۔ماڈیولر ڈیزائن کے باعث NORINCO LUCA کو مختلف مشنز کے لیے جلدی تبدیل کیا جا سکتا ہے، جن میں ایمرجنسی کمیونیکیشن، موسمیاتی تبدیلی کے تجربات، بارڈر نگرانی اور الیکٹرانک ریکی جیسے کام شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق، اس کامیاب پہلی پرواز کے بعد چین بڑے کارگو ڈرونز کی ٹیکنالوجی میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔ اب اگلا مرحلہ اس ڈرون کی سرٹیفکیشن اور تجارتی بنیادوں پر استعمال کا ہے، جو مستقبل میں ایک جدید اور خودکار فضائی لاجسٹکس نظام کی بنیاد بن سکتا ہے۔














