بیجنگ:چین کے نائب صدر ہان ژینگ نے زیرو ٹیرف کے تحت چین کو برآمد کی جانے والی کینیا کی مصنوعات کی نمائش اور چین۔کینیا بزنس فورم میں شرکت کی اور خطاب کیا۔منگل کے روز اپنے خطاب میں ہان ژینگ نے کہا کہ چین اور کینیا کے درمیان دوستی کی ایک طویل تاریخ موجود ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال اپریل میں صدر شی جن پھنگ اور کینیا کے صدر ولیم روٹو نے مشترکہ طور پر دونوں ممالک کے تعلقات کو نئے دور میں "چین۔کینیا ہم نصیب معاشرے” کے درجے تک بلند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس اقدام نے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کی طویل المدتی ترقی کی سمت متعین کی بلکہ چین-افریقہ تعلقات اور گلوبل ساؤتھ ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ہان ژینگ نے اپنے خطاب میں تین نکاتی تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ تزویراتی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جائے اور جدیدیت کے سفر میں ایک دوسرے کے شراکت دار بنیں۔ مزید برآں، باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو گہرا کرتے ہوئے مشترکہ کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کثیرالجہتی نظام کا تحفظ کیا جائے اور ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر میں مشترکہ کردار ادا کیا جائے۔تقریب سے قبل ہان ژینگ نے کینیا کے نائب صدر کِنڈیکی سے ملاقات بھی کی، جس میں دوطرفہ امور اور باہمی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا.














