اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرکے سالوں میں نہیں مہینوں میں کمال کر سکتا ہے، نوجوان ہمارا مستقبل اور آنے والے کل کی امید ہیں، چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور ہر طرح کے تعاون کے لئے تیار ہے، پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، سی پیک 2.0 کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالیں گے، چین سے جدید زراعت کی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس زرعی معیشت کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ وہ پیر کو یہاں پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان کو بہترین مہارتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے، 2024ء اور 2025ء میں چین میں بی ٹو بی اور جی ٹو جی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، ان ایم او یوزکو پاکستان اور چین کے کاروباری ادارے مل کر عملی معاہدوں میں بدل رہے ہیں۔
وزیراعظم نے بتایا کہ ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس کو ملک بھر سے میرٹ پر منتخب کرکے چین کی زرعی یونیورسٹیوں اور تحقیقاتی مراکز میں بھجوایا جہاں انہوں نے بہترین معیار کی تربیت اور مہارتیں حاصل کیں، وہ یہاں آ کر کسانوں کی مدد کریں گے، ان کی مہارتوں اور صلاحیتوں سے استفادہ کرکے زرعی معیشت کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے،قبل ازیں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی تعاون اور حفاظتی انتظامات کو بھی مضبوط بنائیں گے، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی ثابت قدم جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے














