وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مائیکرو، سمال اور میڈیم کاروبار (ایس ایم ایز) پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت نے انہیں قومی ترقی کے مرکز میں رکھا ہے۔
ہارون اختر خان نے بتایا کہ حکومت کی ترجیح یہ ہے کہ معاشی پالیسیاں ہر ضلع اور ہر چھوٹے کاروبار تک پہنچیں۔ ایس ایم ایز روزگار، پیداوار اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں اور ملک بھر میں ایس ایم ای کلسٹرز کے ساتھ مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔ تمام صوبوں اور علاقوں کی نمائندگی کے ساتھ ایس ایم ای پالیسی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے خواتین کاروباریوں کی شمولیت کو حکومت کی معاشی حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ نیشنل وومن انٹرپرینیورشپ پالیسی پر عملی کام شروع ہو چکا ہے اور خواتین کاروباریوں کے لیے فنڈز، تربیت اور مارکیٹ تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
لاہور میں منعقد ہونے والی میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو2026، 24 سے 26 جنوری تک ایکسپو سینٹر لاہور میں ہوگی۔ ہارون اختر خان کے مطابق یہ ایکسپو پاکستان کے چھوٹے کاروبار کا قومی پلیٹ فارم ہے، جس میں 30 سے زائد کلسٹر پویلینز اور 174 نمائندگان شرکت کریں گے۔ خواتین اور مائیکرو کاروباروں کے لیے خصوصی پویلینز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی شمولیت سے ایس ایم ایز کو براہِ راست مالی رسائی حاصل ہوگی۔ اس سال کے ایکسپو میں آذربائیجان، کینیا اور ملائیشیا کے بین الاقوامی نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ ایس ایم ایز کو بینکوں، خریداروں اور سرمایہ کاروں سے جوڑنا اس ایکسپو کا سب سے بڑا مقصد ہے۔ برآمدات پر مبنی معیشت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایس ایم ای ایکسپو وزیر اعظم کے معاشی وژن کا عملی مظہر ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ ایکسپو صرف نمائش نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی طاقت کا اظہار ہے، جہاں عوام معیاری پاکستانی مصنوعات خرید اور آرڈرز بک کر سکیں گے۔ تمام صوبے اور خطے ایک ہی چھت تلے اپنی معاشی صلاحیت پیش کریں گے۔ ہارون اختر خان نے کہا، "ایس ایم ایز مضبوط ہوں گی تو پاکستان مضبوط ہوگا۔”














