بیجنگ (شِنہوا): چین نے بدھ کے روز جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی جارحانہ تاریخ پر گہرائی سے غور کرے اور پُرامن ترقی کے راستے پر قائم رہے۔چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے یومیہ پریس بریفنگ میں جاپانی وزیراعظم سَنے تاکائیچی کے حالیہ بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے یہ بات کہی، جن میں انہوں نے جاپانی آئین میں ترمیم کرکے سیلف ڈیفنس فورسز کو واضح طور پر تسلیم کرنے کی بات کی تھی۔
لین جیان نے کہا کہ دوسری جنگِ عظیم کے دوران جاپانی عسکریت پسندی نے خطے اور دنیا کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاہرہ اعلامیہ، پوٹسڈم اعلامیہ اور جاپان کے ہتھیار ڈالنے کے معاہدے سمیت کئی بین الاقوامی قانونی دستاویزات نے واضح طور پر جاپان کی ذمہ داریوں کا تعین کیا، جو اس کی عالمی برادری میں واپسی کی سیاسی اور قانونی بنیاد بنیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے جاپان کی آئینی ترمیم کو عالمی برادری اور اس کے ایشیائی پڑوسی قریب سے دیکھ رہے ہیں۔چینی ترجمان نے جاپان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عوام کی امن کی آواز سنے، جنگ کی مخالفت کرے، پُرامن ترقی کے راستے پر چلے اور ٹھوس اقدامات کے ذریعے اپنے پڑوسی ممالک اور عالمی برادری کا اعتماد حاصل کرے۔














